نعش کا قبر سے نکال کر پوسٹ مارٹم
حیدرآباد۔ 15۔ دسمبر (اعتماد نیوز) صنعت نگر پولیس اسٹیشن کے حدود میں پیش آئی وحشیانہ واردات میں باپ نے شیر خوار بچہ کو ہلاک کرنے کے بعد اس کی نعش کو دفن کردیا۔ اس سنسنی خیز واردات کا انکشاف اس وقت ہوا جب بیوی نے اپنے شوہر کے خلاف پولیس سے شکایت کی۔ صنعت نگر پولیس نے بتایا کہ جنکل گوڑہ‘ صنعت نگر کا رہنے والا سریش عادی مئے نوش ہے۔ اس کا 2 دسمبر کو اپنی بیوی سے کسی بات پر جھگڑا ہوا۔ بیوی اپنی گود میں 11 ماہ کے بیٹے سریکر کو لئے ہوئے تھی۔ برہمی کے عالم میں
شوہر نے بیوی پر حملہ کیا۔ اس کے بال پکڑ کر دھکیل دیئے۔ نتیجہ میں وہ گر پڑی۔ شوہر نے بچہ کو بری طرح سے پاؤں سے مارا‘ نتیجہ میں شیر خوار کا سر دیوار سے ٹکرا گیا اور برسر موقع اس کی موت واقع ہوگئی۔ بیٹے کی ہلاکت کے بعد باپ نے اس کی نعش کو رنگا ریڈی ضلع کے موضع گٹکی کرد کے جنگلاتی علاقہ میں دفن کردیا۔ بیوی شوہر کے خوف سے خاموش تھی تاہم کل اس نے پولیس سے رجوع ہو کر اپنے شوہر کے خلاف شکایت درج کروائی۔ پولیس نے نعش کو قبر سے نکال کر مقام واقعہ پر پوسٹ مارٹم کروایا اور سریش کی تلاش کررہی ہے جو مفرور بتایا گیا ہے۔